• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھٹے ایڈیشن کے بعد سپر لیگ کی ذمہ داری نئے ہیڈ کے سپرد کی جائیگی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سکس کے بعد پاکستان بورڈ باضابطہ طور پر نئے پی ایس ایل پراجیکٹ ایگزیکٹیوکو ذمے داریاں سونپ دے گا اور بابر حامد پی ایس ایل کی اضافی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوکر ڈائریکٹر کمرشل کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے پی ایس ایل پراجیکٹ ایگزیکٹیوکے لئے اشتہار دیا ہوا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ بابر حامد بدستور پی ایس ایل کے سربراہ ہیں انہیں ذمے داریوں سے سبکدوش کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ نیا سربراہ بابر حامد کے ساتھ پی ایس ایل سکس پر معاملات کو دیکھے گا اور جب یہ ٹورنامنٹ مکمل ہوجائے گا تو نیا سربراہ مکمل اختیارات کے ساتھ ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ نئے افسر اپنی ذمے داریاں پی ایس ایل سکس کے بعد سنبھالیں گے۔وقت کی کمی کے سبب پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید پاکستان سپر لیگ 2021 کے معاملات سنبھالیں گے۔ پی سی بی کے مطابق شعیب نویدنے اپنی ذمے داریاں نجی وجوہ کی بنا ء چھوڑ دی تھی ان کی تقرری چند ماہ قبل ہوئی تھی۔ پاکستان سپر لیگ 2020 آغاز سے اختتام تک پاکستان میں منعقد ہوئی، اس سارے ایونٹ کی کامیاب منصوبہ بندی میں انکا اہم حصہ رہا۔لیکن اچانک استعفی نے کئی سوالات چھوڑ دیئے تھے۔ نئے پراجیکٹ ایگزیکٹیو کے لئے جلد انٹر ویوز کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سکس کے کراچی میں ملتوی ہونے والے میچوں کا براہ راست ذمے دار سابق ڈائریکٹر سہیل سلیم کو قرار دیا تھااس لئے ابھی تک کسی اور افسر کے خلاف کارروائی سے گریز کیا گیا ہے۔ سہیل سلیم سے وسیم خان نے استعفی مانگا تھا۔ ڈاکٹر سہیل سلیم کہتے ہیں کہ مجھے قربانی کابکرا بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین