• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ: ابوظبی روانگی سے قبل کرکٹرز، آفیشلز کی ویکسی نیشن کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے لئے ابوظبی جانے سے قبل تمام کھلاڑیوں اور آفیشل کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ اس سلسلے میں پی سی بی کی درخواست پر این سی اوی سی نے ایک ڈوز والی ویکسین دینے کا وعدہ کیا ہے۔پاکستان ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو پہلے ہی ویکسین لگ چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کو جو پلان پیش کیا ہے اس کے مطابق 18 اور 19 مئی کو کھلاڑیوں اور آفیشل کے کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ جن کے ٹیسٹ منفی آئیں گے وہ کراچی اور لاہور کے ہوٹلوں میں تین دن کے لئے قرنطینہ کریں گے۔22 مئی کو کراچی اور لاہور سے دو چارٹرڈ فلائٹوں کے ذریعے ان کھلاڑیوں کو ابوظبی منتقل کردیا جائے گا۔ پی سی بی نے پاکستان میں تین دن قرنطینہ کے بعد ابوظبی میں سات دن قرنطینہ کی درخواست کی ہے۔ درخواست مان لی گئی تو ٹورنامنٹ یکم جون سے شروع ہوگا۔ تاہممقامی قانون کے تحت دس دن قرنطینہ کے لئے کہا گیا تو ٹورنامنٹ تین جون سے شروع ہوگا جس میں ڈبل ہیڈر ز کی تعداد بڑھا کر اسے 20 جون کو ختم کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ براڈ کاسٹ کریو میں بھارتی باشندوں کی موجودگی پر بھی اعتراض سامنے آیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے میچوں کی میزبانی کے لئے امارات کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہوا ہے ۔ میزبان بورڈ نے حکومتی اجازت کے بعد پی سی بی کا آگاہ کرنا ہے ۔کلیئرنس ملنے کی صورت میں میچز کا انعقاد ابو ظبی میں ہو گا ۔ ضرورت پڑنے پر بیس میچوں کا نیا شیڈول ترتیب دیا جاسکتا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے فرنچائزز کو تیار رہنے کا کہہ دیا گیا ہے ۔ابوظبی میں پی سی بی کا سات رکنی وفد جواب کا منتظر ہے۔

تازہ ترین