• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج سب سے بڑا امتحان پاکستان اور اسلامی دنیا کا ہے، شہباز شریف


قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج سب سے بڑا امتحان پاکستان اور اسلامی دنیا کا ہے، اس امتحان کا تقاضا یہ ہے کہ اسلامی ممالک کی قیادت اپنے عوام کے جذبات کی بھرپور عکاسی کرے۔

 شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ملکوں کی قیادت وقت ضائع کیے بغیر اکٹھی ہو، اگر آج ہم نے آواز نہیں اٹھائی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

 شہباز شریف نے کہا کہ آج ایوان نے نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے وحشیانہ بمباری میں غزہ کے سیکڑوں گھر برباد کردئیے، انتہا پسند یہودیوں نے عربوں کی موت کے نعرے لگائے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے اسرائیل قابض علاقوں میں نسلی امتیاز جیسے جرائم میں ملوث ہے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر حیرت ہوئی کہ آرٹیکل 370 بھارت کا اندرونی معاملہ ہے، یہ الگ بات ہے کہ شاہ محمود قریشی نے اپنا بیان واپس لیا۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ نریندر مودی نے کشمیر میں آرٹیکل 370 ختم کرکے مستقل لاک ڈاؤن لگایا ہے، وزیر خارجہ سے گزارش ہے ہمارے پاس وقت کم ہے، قائدانہ کردار نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کے ناپاک عزائم میں مماثلت ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ فلسطین میں درجنوں بچے، خواتین سمیت سیکڑوں لوگ شہید کیے جاچکے، میڈیا کے دفاتر، بلند عمارتوں کو جس طرح اسرائیل نے مسمار کیا دنیا نے دیکھا، کبھی آنکھوں نے اس طرح سفاکی نہیں دیکھی کہ گھنی آبادی پر گولے برسائے جائیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اوسلو کے سمجھوتے کو انہوں نے پھاڑ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

تازہ ترین