• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز کے باہر جانے کی اجازت سپریم کورٹ میں چیلنج، اپوزیشن لیڈر بھی لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے، سماعت آج

شہباز کے باہر جانے کی اجازت سپریم کورٹ میں چیلنج


لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے ۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہےکہ لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام سے جواب مانگا نہ کوئی رپورٹ، بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا یکطرفہ فیصلہ نہیں دیا جا سکتا کیونکہ شہباز شریف کے واپس آنے کی کوئی گارنٹی نہیں اور وہ نوازشریف کی واپسی کے ضامن ہیں ، لہٰذا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

دوسری جانب عدالتی حکم کے باوجود بیرونِ ملک سفر کرنے سے روکنے پراپوزیشن لیڈر بھی لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے، درخواست کی سماعت آج ہو گی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر اپوزیشن لیڈر جانے سے روکا گیا، نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔ 

تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود بیرونِ ملک سفر کرنے سے روکنے پراپوزیشن لیڈر بھی لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے، سماعت آج ہو گی، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی جبکہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے دائر متفرق درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں وکلاء اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز کی جانب سے سات مئی کو جاری شدہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف دو الگ الگ درخواستیں دائر کی تھیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی میاں شہباز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانیکی اجازت دینے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی درخواست پر آج بطور آبجیکشن کیس سماعت کریں گے،جبکہ رجسٹرار نےتوہین عدالت کی درخواست پر یہ اعتراض لگا کر واپس کردی کہ کورونا ایس او پیز کے باعث توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت نہیں ہورہی ہے۔

درخواست میں چھ سرکاری افسران کو فریقین بنایا گیا ہے جن میں سیکرٹری داخلہ نسیم کھوکھر ،ڈی جی ایف اے واجد ضیا ، ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد رضوان ، ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن عائشہ خان، انسپکٹر رضیہ پروین اور سب انسپکٹر رانا اعجاز شامل ہیں۔ 

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے شہباز شریف کو 8 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی وفاقی حکومت کے ایما ءپر سیاسی بنیادوں پر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا وفاقی حکومت نے عدالتی فیصلے کے بعد شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

تازہ ترین