ملتان، مخدوم رشید (نمائندگان جنگ) ملتان ضلعی انتظامیہ نے مخدوم رشید میں واقع جاوید ہاشمی کا شادی ہال غیرقانونی قرار دیکر گرادیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعمیرات بغیر نقشہ منظوری کے کی گئیں تھیں۔
جاوید ہاشمی نے بتایا کہ انتقامی کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں ہونگے، آپریشن اے سی صدر کی قیادت اور پولیس کی بھاری نفری کی نگرانی میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح اے سی صدر کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے مخدوم رشید کے موضع گھڑیالہ میں واقع سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کے نوبہار میرج کلب کا گھیراؤ کرلیا اور مشینری کے ذریعے اس کو گرانا شروع کردیا۔
اس موقع پر پولیس نے مقامی افراد کو آپریشن کی جگہ پر جانے سے روک دیا، اطلاع پر مخدوم جاوید ہاشمی موقع پر پہنچے اورانہوں نے انتظامیہ سے بات چیت کی اور کہا کہ مجھے گرفتار کریں میں حاضر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرج کلب گرانے کا ہمیں کوئی تحریری آرڈر دکھائیں مگر انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر کوئی آرڈر نہیں دکھائے گئے، بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھاکہ یہ ہمارا جدی پشتی رقبہ ہے۔
محکمہ اوقاف یا کسی اور سرکاری رقبے پر کوئی قبضہ نہیں کیا۔ اگر کسی کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائے۔ ہمیں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔ یہ صرف میرے خلاف انتقامی کارروائی ہے۔