• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں میڈیا ہاؤسز پر اسرائیلی حملہ، نیشنل پریس کلب کا یوم سیاہ

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار ) اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ میں قائم الجزیرہ اور انٹرنیشنل نیوز ایجنسی اے پی سمیت دیگر میڈیا ہاؤسز پر میزائل حملوں اورعمارت کو تباہ کرنے کیخلاف پیر کو نیشنل پریس کلب کی جانب سے یوم سیاہ منایا گیا، اس موقع پر این پی سی میں سیاہ پرچم لہرائے گئے اور فلسطین کے حق اور اسرائیل کیخلاف زبردست نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر خطاب میں نامور صحافی اور اینکر حامد میر نے کہا پوری امت مسلمہ کو اسرائیل کیساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرنا چاہیں اور اسکی ابتداء ترکی کو کرنا چاہیے کیونکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والا وہ سب سے پہلا اسلامی ملک ہے، الجلاہ ٹاور میں تقریبأ ساٹھ کے قریب میڈیا اور پروڈکشن ہاؤسز تھے جنہیں پلک جھپکتے ہی اسرائیلی فورسز نے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا، پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ نے کہا پاکستانی صحافیوں کو غزہ جاکر اصل حقائق دنیا تک پہنچانے چاہیں اور اس حوالے سے ویزہ اور دیگر مسائل کے حل کیلِئے این پی سی کے صدر خواہشمند صحافیوں کی مدد اور معاونت کریں، جب تک اسرائیل میں ظلم بند نہیں ہوتا تب تک كلب پر فلسطین كا پرچم اور سیاہ جھنڈے لہرائے جاتے رہیں گے، یہ سلسلہ پاكستان بھر كے تمام پریس كلبوں اور میڈیا ہاؤسز تک بھی پھیلایا جائے گا۔ صدر این پی سی نے کہا کہ وہ صحافیوں کو غزہ جانے میں درپیش مسائل کے حل کیلئےمتعلقہ حکام سے بات کریں گے، انہوں نے آج ( منگل) شام پانچ بجے راولپنڈی پریس کلب میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف یوم سیاہ کے سلسلے میں ہونے والی تقریب میں صحافیوں کو شرکت کی دعوت بھی دی۔ سیکرٹری این پی سی انورضا کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا اسرائیلی مظالم اور سچ کو دنیا تک پہنچاتا رہے گا، سینئر اینکرسید فہد حسین نے کہا پاکستانی حکومت کو مصر اور اردن کی حکومتوں سے پاکستانی صحافیوں اور امدادی اور رفاحی تنظیموں کی فلسطین میں محفوظ آمد کو یقینی بنانے کیلئے بات کرنی چاہیئے، ندیم احمد خان نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو پاکستان سے امدادی سامان لیکر فلسطین جائینگے ۔ سینئر صحافی فوزیہ شاہد کا کہنا تھا کہ کل کے او آئی سی اجلاس کے بعد اعلامیہ انتہائی مایوس کن تھا، اس موقع پرتاجر رہنماء کاشف چوہدری نے کہا امت مسلمہ کو اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیئے۔ ماہرہ عمران نے کہا امت مسلمہ کو اسرائیل کیخلاف دو ٹوک موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔ اسد اللہ ملک نے دنیا تک حق پہنچانے والے صحافیوں كے تحفظ كو یقینی بنانے كے لئے عملی اقدامات كا مطالبہ كیا۔ ڈاكٹر ابوبكر صدیق نے کہا ہمارا احتجاج تب تک جاری رہے جب تک فلسطین اور كشمیر میں ظلم وستم كو بند نہیں كروایا جاتا۔ این پی سی میں ہونے والی اس تقریب میں جڑواں شہروں کے صحافیوں، سول سوسائٹی سمیت دیگر تنظیموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تازہ ترین