• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

حکومت ہاکی اور فٹبال میں بہتری کیلئے سرگرم

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت قومی کھیل ہاکی کو ترقی دینے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی،موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں کھیلوں میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی تاکہ کھیلوں کو گراس روٹ سطح سے بلند کیا جاسکے۔ ہاکی قومی اسپورٹس پالیسی کا اہم حصہ ہے، وہ پی ایچ ایف کے ایک وفد سے بات چیت کررہی تھیں۔

حکومت ہاکی اور فٹبال میں بہتری کیلئے سرگرم
استحکام پاکستان کراٹے ایونٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ

انہوں نے کہا کہ علاقائی تنظیموں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی کھیل کی ترقی کے لئے آگے آنا چاہئے تاکہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے اور ایک بار پھر ملک کے لئے اعزاز حاصل کیا جا سکے۔ملاقات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خزانچی محمد اخلاق عثمانی اور دیگر شریک تھے۔پاکستان والی بال فیڈریشن نے کورونا کے باعث اپریل میں ملتوی ہونے والی مردوں کی قومی والی بال چیمپئن شپ اب جون کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مقابلے26جون سے3جولائی تک لاہور میں ہوں گے جس میں ملک کی ٹاپ ٹیمیں ایکشن میں ہونگیں، صوبوں کی ٹیمیں بارہ کھلاڑیوں اور دو آفیشلز پر مشتمل ہونگیں۔

پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نےاتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی رکنیت ختم کرنےکی توثیق کردی ہے ،اپنے ورچوئل اجلاس میں ایسوسی ایشن نے وصال خان کو تیر اندازی فیڈریشن سے الگ کرنے کی بھی توثیق کی، پی او اے کا وفد جلد ہی صدر پی او اے سید عارف حسن کی قیادت میں ایک وفد جلد وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور بین الصوبائی رابطے کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کر کے انہیں فیڈریشن کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔راچی اور حیدر آباد میں بیس بال اکیڈمیز کا اگلے ماہ سے آغاز ہوگا، کورونا کی وجہ سے اس ماہ ہونے والی افتتاحی تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔

پاکستانی ریسلرز محمد بلال اور ہارون عابد ٹوکیو اولمپکس گیمز میں رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے، جمعرات کو بلغاریہ (صوفیہ) میں کھیلے گئے ورلڈ ریسلنگ اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ میں پاکستان کے دونوں ریسلرز بلال57اور ہارون عابد97کے جی کے کوارٹر فائنل میں اپنے حریف ریسلرز سے شکست کھا گئے۔

بلال نے پری کوارٹر فائنل میں مالدیپ کے ریسلراناطولی بارویان کو شکست دی تھی۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے نارملائزیشن کمیٹی کے ممبر شاہد کھوکھر سے ملاقات کی۔ 

اجلاس میں سکریٹری آئی پی سی اور ڈی جی پی ایس بی نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں غیرجانبداری کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نارملائزیشن کمیٹی فیفا قوانین کے دائرہ کار میں انتخابات کو منصفانہ ، آزاد اور شفاف انداز میں کرانے کے لئے روڈ میپ اور ٹائم فریم پر عمل کرے۔ 

نارملائزیشن کمیٹی کے ممبر مسٹر شاہد کھوکھر نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی انتخابات کرانے پر راضی ہے اور پاکستان میں فٹ بال کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لینے کے لئے تیار ہےکیونکہ انتخابات ہی واحد آپشن ہیں،دریںاثناء ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے سید ظاہر شاہ سابق صدر کے پی فٹ بال فیڈریشن سے ملاقات کی ملاقات میں فیفا کے ذریعہ پاکستان فٹ بال پر پابندی کے جاری بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار اور وائس چانسلر ڈاکٹر ولی الدین کی جانب سے یونیورسٹی کے نگراں اسپورٹس قاضی نصر اور ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار سمیت شعبہ کھیل سے منسلک تمام کوچز اور اسٹاف کو کھیلوں میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر تعریفی اسناد اور نقد انعام سے نوازا گیا. تقریب پذیرائی یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت یونیورسٹی کے رجسٹرار ریٹائرڈ کموڈور سید سرفراز علی نے کی تقریب پذیرائی میں کنوینئر اسپورٹس قاضی نصر بھی موجود تھے۔ 

سید سرفراز علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس جانفشانی سے آپ لوگوں نے جامع میں کھیلوں کے کامیاب ایونٹس منعقد کئے وہ ہمارے اور یونیورسٹی کیلئے قابل ستائش ہے، قاضی نصر نے کہا کہ رواں سال یونیورسٹی میں مختلف کھیلوں پر مشتمل اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا جائیگا جس میں یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات شرکت کرینگے. ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار نے رجسٹرار سید سرفراز علی اور قاضی نصر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ کھیل مستقبل میں مزید بہتر انداز میں کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کریگا۔

تازہ ترین
تازہ ترین