• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی درخواست متعلقہ بینچ میں پیش کرنے کا حکم


لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر دیا اور درخواست پر سماعت کیلئے متعلقہ بینچ کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شہباز شریف کی درخواست پر عائد اعتراض پر سماعت کی، شہباز شریف کی جانب سے دائر درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے اور سیکریٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

شہباز شریف کے وکلاء نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عدالت نے شہبازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی لیکن انہیں ایئر پورٹ پر روک لیا گیا۔

شہباز شریف کے وکلاء نے کہا کہ عدالت نے سرکاری وکلاء کی موجودگی میں فیصلہ سنایا تھا لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، انہوں نے استدعا کی کہ بیرون ملک جانے کے حکم پر عمل درآمد کروایا جائے ۔

شہباز شریف کے وکلاء اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا جارہا ہے مناسب حکم جاری کیا جائے۔

وکیل امجد پرویز نے کہاکہ عدالتی احکامات پرعمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست کے سواکوئی چارہ نہیں،عدالت کا اختیار ہے کہ توہین عدالت کی کارروائی کرتے ہوئے سزا دے سکتی ہے۔

وکلاء شہباز شریف نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس قانون کے ساتھ کھیل رہا ہے، وکلا ء نے درخواست ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض ختم کرنے کی استدعا کی۔

عدالت نے اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کیلئے متعلقہ بینچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے کہا کہ درخواست پر مزید کارروائی آئندہ سماعت پر ہوگی۔

تازہ ترین