پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے آٹا منہگا کرکے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سےعمران خان وزیراعظم بنے ہیں، صرف آٹے کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ ہوا جبکہ کھانے پینے کی اشیاء میں منہگائی کی سالانہ شرح 15 فیصد تک پہنچ گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے بڑے بڑے دعوے کرکے اقتدار تو ہتھیا لیا لیکن ملک چلانے میں مکمل ناکام رہے جبکہ معاشی ترقی کا پیمانہ جی حضوری کرنے والے افسران کی رپورٹیں نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کا پیمانہ عام آدمی کے چہرے کی مسکراہٹ ہوتی ہے، جس وزیراعظم کو کشکول اٹھانے کے علاوہ کچھ نہ آتا ہو، وہ کیسے مہنگائی ختم کرے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ منہگائی سے نجات کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ملک کو عمران خان سے نجات دلائی جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صرف ایک سال میں 25 لاکھ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دئیے گئے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو خبر ہی نہیں نصف کاروباری ادارے ملازمین کی ایک چوتھائی تنخواہ کم کرچکے ہیں۔