• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاقتور ترین لوگ بھی قانون سے مبرا نہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومتی اہلکاروں کو احتساب کا خوف ہونا چاہئے ، طاقتور ترین لوگ بھی قانون سے مبرا نہیں ہیں۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری کی ابتدائی رپورٹ میں کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا، وزیر اعظم کی احتساب سے متعلق پالیسی واضح ہے، جس پر بھی الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی ، جوابدہی کا اصول لاگو ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کےدور میں میڈیا کےگلے بیٹھ جاتے تھے لیکن مجال ہے کان پر جوں بھی رینگے، یہ ہی نظام میں تبدیلی ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ رنگ روڈ معاملے میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانے کیلئے رنگ روڈ کو 23 کلومیٹر تک بڑھایا گیا اس فیصلے سے حکومت کو 20 ارب روپے اضافی زمین کی خریداری کی مد میں دینے پڑے۔

وفاقی وزیر نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو کہا گیا ہےتحقیقات کریں، کمشنر راولپنڈی کو کہا گیا کہ معاملے کو دیکھیں۔

کمشنر نے ابتدائی تحقیقات میں ان اطلاعات کی تصدیق کی ان کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی اور ان کے ساتھ مزید افسران اس اسکینڈل میں شریک تھے ، مزید تحقیقات کیلئے معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیجا جائے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی احتساب پالیسی واضع ہے تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں اب چاہے وہ اپوزیشن کے رہنما ہوں یا کابینہ کے رکن افسر شاہی سے تعلق رکھتے ہوں یا کسی بھی ادارے سے، الزامات لگیں گےتو تحقیقات ہوں گی اور جوابدہی کا اصول لاگو ہو گا، یہی نظام کی تبدیلی ہے جس کا وعدہ تھا۔

تازہ ترین