امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اپنے ناپاک ارادوں کو پورا کرنے کیلئے ظلم کرتا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمان نےبتایا کہ اتوار 23 مئی کو شارع فیصل پر فلسطین مارچ ہوگاجس کی قیادت سراج الحق کریں گے۔
انہوں نے تاجروں اور سیاسی و مذہبی جماعتوں سے فلسطین مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئےکہا کہ فلسطین کے لیے پوری امت کو کھڑا ہونا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں فلسطینیوںپر ہونے والے مظالم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، بچوں اور خواتین کو شہید کیا گیا، اسرائیل بدمست ہاتھی بنا ہوا ہے،اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں لیکن کام نہیں ہو رہاہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے جس کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں پر زور احتجاج جاری ہے۔