لاہور (نمائندہ جنگ/ٹی وی رپورٹ) حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا گیا ہے۔یہ اہم اعلان جہانگیر ترین کی جانب سے اراکین اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں کیا گیا۔
ہم خیال گروپ نے سعید اکبر نوانی کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈ مقر ر کردیا جبکہ ومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کا معاملہ موخر کردیا گیا ہے ۔ ہم خیال گروپ کی تقریب حلف برداری بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی اور ناراض رہنما جہانگیر ترین نے گزشتہ رات اپنے گھر پر ہم خیال اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے دیئے گئے ڈنر میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال، نذیر چوہان،فیصل جبوانہ، عون چوہدری سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ راجہ ریاض نے ہم خیال گروپ کے اراکین سے حلف لیا کہ ہم جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے اور ساتھ دیں گے۔
جہانگیر ترین کے گھر چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں راجہ ریاض نے کہا کہ ایف آئی اے اور بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیئے جبکہ فیصل جبوانہ اور نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جہانگیر ترین قدم بڑھائیں ،میڈیا ہمیں تیسری قوت کے طور پرپیش کررہا ہےاب آپ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
دریں اثنا نذیر چوہان نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے وہ پارلیمنٹ کے معاملات پر نظر رکھیں گے۔انہوں مزید دعویٰ کیا کہ اجلاس میں 32ایم پی اے،8ایم این اے جبکہ ٹوٹل 40ارکان شریک تھے۔
جیو نیوز کے مطابق سعید اکبر نوانی کی پنجاب اسمبلی میں بطور پارلیمانی لیڈر تقرری کی تصدیق کردی گئی ہے جبکہ راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس موقع پر ہم خیال رکن اسمبلی سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ گروپ کا نام جہانگیر ترین ہم خیال گروپ رکھا گیا ہے اور عشائیہ میں شریک ہم خیال گروپ کے ارکان کیلئے حلف لیا گیا ہے اور جمعہ کے روز پاور شو کریں گے۔
رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ مزید 8 رکن صوبائی اور قومی اسمبلی ہمارے ساتھ مل چکے ہیں لیکن ابھی ان کا نام سامنے نہیں لایا جائے گا۔ پیشی پر ہم سب جہانگیر ترین کے ساتھ جائیں گے۔
دوسری جانب ملک نعمان لنگڑیال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارا گروپ تو پہلے دن سے تھا، تاہم ہم آج بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں، ہمارا کوئی بیان ان کے خلاف نہیں،آج عدالت میں جہانگیر ترین کی پیشی ہے۔ ہم ان کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اکٹھے ہوئے۔
ہم حکومت کو کمزور نہیں سپورٹ کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ ہیں اور حکومت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے اندر اور باہر تنقید ہوتی ہے کوشش ہوگی کہ عوام کو درست بجٹ دیا جائے۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عون چوہدری نے بتایا کہ ایم این اے راجہ ریاض قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ہوں گے، پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر نوانی جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔
رکن اسمبلی سلمان نعیم کا کہنا ہے کہ گروپ نے پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس میں جمعے کو پاور شو کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آج کے اجلاس میں کوئی نیا رکن اسمبلی شریک نہیں ہوا، گزشتہ اجلاس میں سے بھی کئی ارکان اسمبلی آج شریک نہ ہوسکے، شرکت نہ کرنے والے ارکان اسمبلی کے ناموں کو صیغہ راز میں رکھا گیا ہے۔
سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ کئی ارکان اسمبلی نجی مصروفیات کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے، اجلاس میں شریک ارکان سے گروپ کے اعلان کے لیے باقاعدہ حلف لیا گیا۔
رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ 32 ارکان صوبائی اسمبلی اور 8 ارکان قومی اسمبلی ہیں، انہوں نے کہا تین سالوں میں ایک بھی میگا پروجیکٹ ہم لاہور میں نہیں کرسکے، دائیں بائیں بیٹھے خوشامدی وزیراعظم کو غلط معلومات دیتے ہیں۔
سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ کہا ہمارے مسائل حل کریں لیکن مثبت جواب نہیں دیا گیا، جہانگیر ترین جو بھی فیصلہ کریں گے ان کے ساتھ ہوں گے باقاعدہ حلف لیا ہے۔
دوسری جانب ملک نعمان لنگڑیال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارا گروپ تو پہلے دن سے تھا، تاہم ہم آج بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں، ہمارا کوئی بیان ان کے خلاف نہیں،آج عدالت میں جہانگیر ترین کی پیشی ہے۔ ہم ان کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اکٹھے ہوئے۔ ہم حکومت کو کمزور نہیں سپورٹ کرینگے۔