• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے کا رات بھر آپریشن، وکلاء کے مزید 200 غیرقانونی چیمبر مسمار

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے شعبہ انفو ر سمنٹ نے پیر اور منگل کی در میانی شب کئے گئے آپریشن میں ایف ایٹ مرکز اسلام آ باد میں ضلع کچہری سے متصل فٹ بال گرائونڈ میں غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ وکلاء کے 200سے زائد چیمبرز کو مسمار کر دیا۔ایک روز قبل سی ڈی اے نے 70 چیمبرز گرائے تھے ۔ یہاں کل 289چیمبرز بنائے گئے تھے۔ سپریم کورٹ نے یہ چیمبرز گرانے اور گرائونڈ خالی کرانے کیلئے دو ماہ کی مہلت دی تھی جو یکم مئی کو ختم ہوگئی تھی اور سی ڈی اے نے چند روز قبل وکلاء کو آ خری نوٹس دیاتھا۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ کی جانب سے دیئے گئے نوٹس میں واضح کیا گیا تھا کہ فٹ بال گرائونڈ اور پارک میں تعمیرات غیر قانونی ہیں ۔انہیں رضاکارانہ طور پر گرادیا جا ئے ورنہ آپریشن کیا جا ئے گا۔ پیر کی رات گیارہ بجے ہیو ی مشینری کے ساتھ آپریشن شروع کیا گیا جو منگل کی صبح پانچ بجے تک جاری رہا۔ پولیس کی بھاری نفری، ڈائریکٹر انفورسمنٹ کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن بھی موجود تھے ۔ فٹ بال گرائونڈ کو اب مکمل طوپر کلیئر کر دیاگیا ہے۔
تازہ ترین