وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دے گا، گروپ بنتے رہتے ہیں، چھوٹی موٹی ٹخ ٹخ لگی رہتی ہے۔
راولپنڈی میں وزیرصحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ زچہ بچہ اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کل کابینہ نے فلسطین کے لئے امداد بھیجی ہے، جمعہ کو لال حویلی پر ایس او پیز کے ساتھ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب سے بہترین تعلقات ہوگئے ہیں، پہلے ایسے تعلقات نہیں تھے۔
شیخ رشید نے کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان دوسری مرتبہ اسپتال میں آئے ہیں، یہ اسپتال اب 400 بیڈز پر مشتمل ہوگا، 16 سال سے رکا ہوا کام 2 سال میں ہوگیا، ان کاکہنا تھا کہ 2 سال میں 80 فیصد کام مکمل ہوا ہے، کوشش ہے 6 ماہ میں کام مکمل ہوجائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں انگریزوں کے بعد پہلا ماڈرن اسپتال ہوگا، مشینری، بیڈز کو بھی دیکھیں گے اور جلد او پی ڈی کو چلایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ سارا شہرعمران خان کا مشکور رہے گا، نالہ لئی اور رنگ روڈ بڑے پراجیکٹ ہیں، اس میگا پراجیکٹ پر عمران خان نے مجھے فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔
شیخ رشید کاکہنا تھا کہ اس اسپتال میں کینسر کا ڈیپارٹمنٹ بھی رکھ رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیرصحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ یہ پراجیکٹ 2005 میں شروع ہوا تھا، اس کے سامان کیلئے ٹینڈر بھی کھل گئے ہیں، راولپنڈی والوں کو ماں اور بچے کا ماڈرن اسپتال ملے گا، جنرل سرجری کا بھی پورا بندوبست کیا گیا ہے۔