• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین گروپ کا حکومتی بینچوں پر ہی بیٹھنے کا فیصلہ


پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ نے باہمی مشاورت سے حکومتی بینچوں پر ہی بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع ترین گروپ کے مطابق حکومتی بینچوں پر ترین گروپ کے ارکان بیٹھیں گے،جبکہ راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ پارلیمانی لیڈرز مقرر کرنے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ہم سب پی ٹی آئی ہیں، دوستوں نے اگر الگ گروپ کی بات کی ہے تو ان کے جذبات کا احترام ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم عمران خان کے ساتھی ہیں، پی ٹی آئی ہماری جماعت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اراکین اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا گیا ہے۔

ہم خیال گروپ نے سعید اکبر نوانی کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈ مقر ر کردیا جبکہ ومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کا معاملہ موخر کردیا گیا ہے ۔ ہم خیال گروپ کی تقریب حلف برداری بھی کی گئی۔

جہانگیر ترین کی جانب سے دیئے گئے ڈنر میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال، نذیر چوہان،فیصل جبوانہ، عون چوہدری سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ راجہ ریاض نے ہم خیال گروپ کے اراکین سے حلف لیا کہ ہم جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے اور ساتھ دیں گے۔

جہانگیر ترین کے گھر چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں راجہ ریاض نے کہا کہ ایف آئی اے اور بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیئے جبکہ فیصل جبوانہ اور نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جہانگیر ترین قدم بڑھائیں ،میڈیا ہمیں تیسری قوت کے طور پرپیش کررہا ہےاب آپ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تازہ ترین