معروف بھارتی موسیقار، گلوکار و گیت نگار اے آر رحمان نے کہا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ، میڈونا اور سلینا گومز اور ایسے بہت سے لوگ میرے بارے میں گفتگو کرتے ہیں لیکن ان لوگوں سے کبھی مل نہیں سکا ہوں اس کی وجہ یہ ہے کہ میں اپنی دنیا میں مگن ہوں۔
عالمی شہرت یافتہ موسیقار نے ان خیالات کا اظہار معروف کینیڈین مزاحیہ اداکارہ، ٹاک شو ہوسٹ اور یو ٹیوبر للی سنگھ سے انکے لیٹ نائٹ پروگرام میں بات چیت کے دوران کیا۔
للی سنگھ نے گفتگو کے دوران اے آر رحمان سے کہا کہ امریکی گلوکارہ، اداکارہ اور پروڈیوسر سلینا گومز نے گزشتہ برس ایک انٹرویو میں اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ آپ کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔
کیا آپکے علم میں یہ بات ہے؟ جس پر اے آر رحمان نے اپنی مخصوص مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ میں ان لوگوں کو دیکھتا رہتا ہوں، میرا خیال ہے کہ لوگ تھوڑے سے کنفیوژ ہیں، انھوں نے اس موقع پر کہا کہ میرے منیجمنٹ کے لوگ کہاں ہیں؟ کیا آپ لوگوں سے سلینا گومز نے رابطہ کیا تھا؟
انکا کہنا تھا کہ ٹیلر سوئفٹ، میڈونا اور سلینا گومز اور ایسے تمام لوگ میرے بارے میں گفتگو کرتے ہیں لیکن ان لوگوں سے کبھی مل نہیں سکا ہوں اسکی وجہ یہ ہے کہ میں اپنی دنیا میں مگن ہوں۔
بات چیت کے دوران للی جو کہ اے آر رحمان کے اسٹائل پر حیران تھیں، للی نے ان سے ان کے فیشن سینز کے بارے میں بات کی۔ جس پر اے آر رحمان نے کہاکہ وہ صرف وہی کام کرتے ہیں جو وہ چاہتے ہیں، اور ضروری نہیں ہے کہ اس کے لیے انھوں نے کوئی رول آف گیم طے کر رکھا ہو، اور یہی پرفکیشن کی وجہ ہے، ایک وقت ایسا آتا ہے کہ جب آپ کسی چیز کی پرواہ نہیں کرتے اور سمجھتے ہیں کہ یہ کام آپ کرلیں گے، بس یہی میری کیفیت ہے۔