• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپال ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے جو انتہائی قابل قدر ہے، شہباز شریف


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِحزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیپال ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے جو انتہائی قابل قدر ہے۔

ان خیالات کا اظہار لیگی صدر نے پاکستان میں نیپالی سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

اس دوران شہباز شریف نے نیپال میں کورونا وبا کے باعث اموات پر افسوس اور تعزیت کی۔ 

انھوں نے کہا کہ تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، سیاحت کے فروغ میں سارک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ سارک کو یورپی یونین کی طرح تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون اپنانا چاہیے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ سارک کو اس مقصد کے حصول کے لیے زیادہ فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کورونا سے پاک جنوبی ایشیاء کے لیے چین کا تعاون اور تجربہ بہت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ خطے کے پُرامن، صلح جو ممالک کو باہمی و اجتماعی تعاون تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنازعات اور کشمکش کے باعث سارک تنظیم کے ثمرات خطے کے عوام کو نہیں مل پارہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیپال ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے جو انتہائی قابل قدر ہے۔

اس موقع پر نیپال کے سفیر نے شہباز شریف کے سارک اور خطے کے لیے وژن اور ان کی تجاویز سے اتفاق کیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیپال کے سفیر نے شہباز شریف کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب عوام کی خدمت کے جذبے اور کردار کو سراہا۔

تازہ ترین