لاہور (نمائندہ جنگ)راولپنڈی رنگ روڈ کی آڑ میں 131 ارب روپے کی زمین کی خریدو فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔ مقامی60فیصد ہاوسنگ سوسائٹیز غیر قانونی ، 17 ایک ارب 70 کروڑ کی نادہندہ، 300 سے زائد کیس ہیں،50 سے زائد طاقتور لوگوں نے فائدہ اٹھایا، 64000 کنال سے زائد زمین بکی ہیں،اینٹی کرپشن پنجاب کی ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ رنگ روڈ کی نئی الائنمنٹ سے 50 سے زائد طاقتور لوگوں اور رئیل اسٹیٹ ڈیلرز نے ممکنہ فائدہ اٹھایا اور رنگ روڈ سے جڑے کئی کاروباری افراد نے تقریباً 64000 کنال سے زائد زمین حاصل کی۔ذرائع کے مطابق ڈیڑھ درجن کے قریب وزرا، ارکان اسمبلی، تین درجن ہاؤسنگ سوسائٹیز اور بلڈرز نے اس رنگ روڈ سے بلواسطہ یا بلاواسطہ ممکنہ فائدہ اٹھایا، 18 ارکان اسمبلی کی مجموعی طور پر 17117 کنال زمین بالواسطہ یا بلاواسطہ اس رنگ روڈ سے جڑی ہے اور 17117 کنال میں زیادہ تر زمین خاندانی جائیدادیں ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ارکان اسمبلی میں 2 پی پی کے ایم این ایز کی 2400 کنال سنجانی کی زمین بھی شامل ہے ،تین حکومتی وزرا کی تقریباً 2500 کنال فتح جنگ، پسوال، اٹک اور اسلام آباد مار گلا ایونیو کی زمین شامل ہے، رنگ روڈ پسوال زگ زیگ اور اٹک کے احاطے میں تحریک انصاف کے 2 ایم این اے اور 4 ایم پی اے کی تقریباً 1800کنال کی زمین شامل ہے۔