مسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس ملک کو صرف اپنے دوستوں کے لیے چلا رہے ہیں، پی ٹی آئی پچاس لاکھ لوگوں کو بے روزگار کرچکی ہے جبکہ 2 کروڑ افراد کو بدترین غربت میں دھکیل چکی ہے۔
اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اندازہ لگائیں، ہماری معیشت کس پاتال میں جاگری ہے، مسلم لیگ ن نے شرح ترقی 5.8 فیصد پر چھوڑی تھی جبکہ عمران خان محض 3.9 فیصد شرح ترقی دکھا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے نمائندے نے اعتراض اٹھایا ہے یہ عدد اصل سے زیادہ دکھایا گیا، پی ٹی آئی نے پہلے سال اصل 1.9 فیصد کا عدد بڑھا کر 3.3 فیصد دکھایا، پی ٹی آئی نے اس سال بھی جھوٹ بولا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے منفی 0.4 فیصد سے منفی 0.5 فیصد کے اعداد و شمار پر نظر ثانی کی، گزشتہ برس پاکستانیوں کی فی کس آمدن میں 3 فیصد کمی آئی۔
صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے کہا کہ غیر جانبدار معاشی ماہرین اس سال بھی پاکستانیوں کی حقیقی آمدن میں کمی کا بتا رہے ہیں، شرح ترقی اس سال بھی غیرحقیقی ہے، نظرثانی پر آئندہ برس کم ہوگی۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہر ہفتے قیمتوں کا حساس اشاریہ 13 فیصد اضافہ دکھا رہا ہے، گزشتہ سال کی نسبت رواں ہفتے میں قیمتوں میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اتنی بلند منہگائی کی شرح ہے کہ مڈل کلاس کو تباہ کرچکی ہے، صرف خوراک کی قیمتوں میں 14 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔