مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ملک سے باہر جانے سے متعلق تمام درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔
شہباز شریف نے بلیک لسٹ سے نام نکلوانے اور ملک سے باہر جانے کی اجازت کے فیصلے پر عمل درآمد سے متعلق تمام درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے درخواستیں واپس لینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی 24 مئی کو شہباز شریف کی اس درخواست پر معاملے کی سماعت کریں گے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کردیا ہے۔
اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باعث درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں۔
درخواست گزار نے یہ بھی کہا کہ عدالت نے 26 مئی کےلیے عمل درآمد کیس میں نوٹس جاری کررکھے ہیں۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے بعد عمل درآمد سے متعلق درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے۔