نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 24 مئی سے ملک میں سیاحت کی بحالی کا اعلان کردیا۔
این سی او سی نے ملک میں لاک ڈاؤن کے بعد کاروبار کی بحالی سے متعلق فیصلے کرنا شروع کردیے ہیں۔
این سی او سی نے ملک میں 24 مئی سے کورونا ضوابط (ایس او پیز) کے تحت سیاحت کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی نے سیاحتی مقامات کھولنے سے متعلق گائیڈلائنز بھی جاری کردی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ہوٹل اور گیسٹ ہاوسز سیاحوں سے کورونا منفی رپورٹ طلب کرنے کے پابند ہیں۔
این سی او سی اعلامیے کے مطابق ہوٹل اور گیسٹ ہاوسز سیاحوں سے شناختی کارڈ طلب کرنے کے بھی پابند ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جو افراد کورونا ویکسین لگواچکے ہیں وہ اپنا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازماً جمع کروائیں۔
این سی او سی گائیڈلائنز کے مطابق 50 سال یا اُس سے زائد عمر کے افراد کے لیے بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کمرہ بک نہیں ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق یکم جولائی کے بعد ہوٹلز عملہ 40 سال یا اُس سے زائد عمر کے افراد کو بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کمرہ نہیں دے گا۔
این سی او سی کے مطابق سیاحتی مقامات کے داخلی راستوں پر سیاحوں سے ہیلتھ ڈکلیئریشن فارم پر کرائے جائیں۔
نئی سیاحتی گائیڈلائنز کے مطابق سیاحتی مقامات پر جانے سے پہلے مسافر ماسک اور سینیٹائزر کی مناسب تعداد کو یقینی بنائیں گے۔
این سی او سی اعلامیےمیں کورونا ضوابط (ایس او پیز) پر عمل در آمد کروانے کے لیے جرمانے اور دیگر سزائیں یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایک کمرہ ایک ہی بندے کے لیے یا دو بڑے افراد اور بچوں کے لیے بک کیا جاسکتا ہے۔
این سی او سی کی نئی سیاحتی گائیڈلائنز کے مطابق ٹور آپریٹرز اور ہوٹل انتظامیہ تمام مسافروں کا ڈیٹا فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق غیر ملکی سیاحوں کےلیے کورونا ٹیسٹ، قرنطینہ اور ویکسینیشن پالیسی پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔