• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی حکومت نے غیر ملکی عازمینِ حج کو اجازت دے دی


سعودی عرب نے دنیا بھر سے 60 ہزار عازمینِ حج کو حجازِ مقدس آنے کی اجازت دے دی۔ کورونا کی وبا کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ سعودی عرب میں کسی غیر مقامی کو حج پر آنے کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی فیصلے کی تصدیق کردی۔

ایک بیان میں طاہر محمود اشرفی نے بتایا کہ سعودی حکومت نے دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کی منظوری دے دی۔ پاکستان سے کتنے عازمینِ حج سعودی عرب جاسکیں گے؟ اس بارے میں پاکستان کو بعد میں مطلع کیا جائے گا۔

18 سال سے کم اور 60 سے زائد عمر کے افراد کو حج پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عازمین کو کورونا ویکسینیشن کے ساتھ سعودی عرب میں 3 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔

دوسری جانب پاکستانی وزارت خارجہ نے سعودی حکومت سے رابطہ کرکے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی۔

پاکستان نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستانیوں نے چینی ویکسین لگوائی ہے جبکہ ڈاکٹرز دوبارہ کوئی اور ویکسین لگوانے کی اجازت نہیں دیتے۔

پاکستان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سعودی وزارت صحت عازمین حج کےلیے چینی ویکسین کی اجازت دے۔

تازہ ترین