• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سوداگر نہیں کشمیر کا سودا نہیں کرے گا، شاہ محمود قریشی

نیویارک(نیوز ایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے میں گہری مماثلت ہے ، عمران خان سوداگر نہیں وہ کشمیر کا سودا نہیں کریں گے ، امت مسلمہ کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، ہم کسی کیمپ میں نہیں جارہے،امریکا کے ساتھ وسیع البنیاد، اسٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں، کشمیرپر ہمارا مؤقف دو ٹوک ہے ہم باعزت طریقے سےبات کریں گے، پڑوسی کے ساتھ امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں مگر ہمارے ایشوز ہیں، انہیں بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں ، جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے ۔ گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےنیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کیا،انہوں نے غلام نبی فائی کی قیادت میں کشمیری رہنماؤں کے وفد اور امریکی ایوان نمائندگان کی ایشیا کمیٹی کی قیادت سے بھی گفتگو کی،شاہ محمود قریشی نے کہاکہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیرکی صورتحال میں مماثلت ہے، مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا حل تلاش نہ کیا گیا تو دیرپا امن دستیاب نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مثبت قدم ہے مگریہ ناکافی ہے، ہمیں مستقل حل کی طرف بڑھنا ہے ،انہوں نے کہاکہ امریکن پاکستانی کمیونٹی پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔

تازہ ترین