گجرات ،لاہور(نیٹ نیوز،نیوز رپورٹر) قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کہیں نہیں جا رہا،جب بھی موقع ملا عوام کیلئے فلاحی کام کیے، سابقہ حکومت نے گجرات کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا،پہلے ہی کہا تھا کہ اسمبلی میں کھڑے ہوں گے تو پتہ چلے گا، اسمبلی میں کھڑے ہونے والوں کے گرد ابھی بھی سوالیہ نشان موجود ہے، اگر ان کے درمیان کوئی مسئلہ موجود ہے تو وہ اس طرح حل نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پرویز الٰہی نے چک سادہ روڈ گجرات میں نئی سڑک کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، حسین الٰہی، شجاعت نواز اجنالہ ایم پی اے اور خالد اصغر گھرال بھی ہمراہ تھے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام کی خدمت کر کے جو سکون قلب حاصل ہوتا ہے بیان سے باہر ہے، ہمیں جب بھی موقع ملا عوام کیلئے فلاحی کام کیے، سابقہ حکومت نے دس سال تک گجرات کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا۔