امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی آواز میں آواز ملانا ہماری دینی غیرت کا تقاضہ ہے، آج کراچی کی باری ہے، انشا اللّٰہ کراچی کے لوگ نکلیں گے۔
امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق فلسطین مارچ کی قیادت کے لیے کراچی پہنچ گئے۔
سراج الحق یکجہتی غزہ حماس ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے نرسری پر مرکزی کیمپ پر پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی عالمِ اسلام کا وہ شہر ہے جس نے ہر تحریک میں قائدانہ کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی کفر کو چیلنج کرنا غیرت کا تقاضہ ہے، عوام فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے آج مارچ میں شریک ہوں۔
سراج الحق نے کہا کہ پوری دنیا میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کیا گیا، کراچی کی شارع فیصل پر آج کا فلسطین مارچ پوری دنیا کا سب سے بڑا مارچ ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک مل کر فلسطینیوں کو اس ظلم سے نجات دلائیں، جب تک مسلم حکمرانوں کو احتجاج کے ذریعے مجبور نہیں کیا جاتا وہ ساتھ نہیں دیتے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے عالمِ اسلام کو چیلنج کیا ہے اور فلسطینی عوام پوری دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔