کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے تحت اسرائیلی افواج کی جانب سے قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، غزہ پر بمباری، فلسطینی مسلمانوں پر وحشیانہ تشدد، خواتین و بچوں سمیت سینکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف ”اہل فلسطین“ اور”تحریک مزاحمت حماس“ سے یکجہتی کے لیے اتوار23مئی کو4بجے سہ پہر شارع فیصل پر عظیم الشان ”فلسطین مارچ“ ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ”فلسطین مارچ“سے خصوصی خطاب کریں گے۔ تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔امیر جما عت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مین نرسری اسٹاپ شاہراہ فیصل پر قائم مرکزی کیمپ کا دورہ کیا۔ انتظامات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے اس مو قع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کراچی کے عوام،تمام طبقات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مردوخواتین سے اپیل کی کہ پورے ایمانی جذبے اور بھر پور جوش و خروش کے ساتھ فلسطین مارچ میں شر یک ہوں۔ دریں اثناء شاہراہ فیصل پر پہنچیں گے،مین نرسری اسٹاپ پر اسٹیج کا انتظام کیا جائے گا۔