دنیائے باکسنگ پر ایک عرصے تک حکمرانی کرنے والے عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کے آبائی گھر کو میوزیم میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی کے شہر Louisville میں قائم محمد علی کے آبائی گھر کو برطانوی وکیل اور رئیل اسٹیٹ ہولڈر نے خرید کر اُسے میوزیم میں تبدیل کر دیا۔
گزشتہ دنوں اس میوزیم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں محمد علی کے بھائی رحمان علی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر محمد علی کے بھائی کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے، عوام اب لیجنڈ باکسر کی یادگار کو میوزیم میں دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ محمد علی اسلام قبول کرنے سے قبل اپنے بھائی کے ہمراہ Louisvilleمیں رہتے تھے تاہم اسلام قبول کرنے کے بعد وہ یہاں سے منتقل ہوگئے تھے۔