• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے باوجود معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہے: فیاض الحسن چوہان

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باوجود معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہے۔

لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ معاشی ترقی کے ’نقار خانے‘ میں اپوزیشن کی ’طوطیوں‘ کی آواز کوئی نہیں سُن رہا، ملک کو کھڈے لائن لگا کر بھاگ جانے والوں کو ملک کی معاشی کایا پلٹنے کی امید بھی نہیں تھی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آج غیر ملکی ترسیلات زر 24.2 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر ہیں جبکہ 2018 میں غیر ملکی ترسیلات زر تین سال سے 19.9 ارب ڈالر پر منجمد تھیں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا وزیراعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، 2018 میں لیگی دور کے اختتام پر پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 19.2 ارب ڈالر پر تھا۔

وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ رواں سال مارچ تا جولائی کرنٹ اکاؤنٹ 959 ملین ڈالر سرپلس پر آنے کی پیش گوئی ہے، 2018 میں بیرونی قرضوں میں 11.7 ارب ڈالر کا بلند ترین اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ رواں سال بیرونی قرضہ جات میں گزشتہ 6 سال کا کم ترین اضافہ ہوا ہے جبکہ لیگی دور کے اختتام پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں 40 فیصد تک کمی ہوئی۔

اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 2016 کے مقابلے میں بلند ترین سطح پر ہیں۔ 

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی آئیں بائیں شائیں حکومتی معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

تازہ ترین