• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ڈی پی4 فیصد دیکھ کر اپوزیشن بوکھلا گئی، فرخ حبیب

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی 4 فیصد دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو قرضوں سے نکال کر ایکسپورٹ اور پیدوار پرانحصار کرنے والی معیشت بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بلاول اور زرداری کی پہچان کرپشن، جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ بن چکی ہے، سندھ حکومت کے رواں مالی سال کے 700 ارب کے منصوبے زمین پر تو نظر نہیں آ رہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ کیا یہ منصوبے کسی اور سیارے پر بنا رہے ہیں؟ ورلڈ بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک سمیت ڈونر تنظیموں کے منصوبوں پر سندھ حکومت اپنی تختیاں لگانے سے کب باز آئے گی؟

ان کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں اگر کسی صوبے میں غربت اور مہلک بیماریوں کا راج ہے تو وہ سندھ ہے، لاڑکانہ میں ایڈز کے بڑھتے کیسز سے متعلق امریکی اخبار کی خبر پورے ملک کیلئے باعثِ ندامت بنی۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ بلاول صاحب! آپ کی حکومت کی ملی بھگت سے جعلی ڈومیسائل اور رہائشی سرٹیفکیٹس پر نوکریاں فروخت ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف کراچی میں 1 لاکھ 90 ہزار سرکاری ملازمین ہیں لیکن ان میں کراچی کے مقامی 15 فیصد بھی نہیں، مسلسل تیسری مرتبہ سندھ میں حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی آج تک کوئی ایمرجنسی سروس نہیں لا سکی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں اسٹنٹنگ گروتھ سے 5 سال عمر تک کے بچوں کی اموات کی شرح 50 فیصد تک پہنچ چکی ہے، پیپلز پارٹی کے سیاست میں آنے سے پہلے پاکستانی عوام کی ڈکشنری میں لفظ کرپشن تھا ہی نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے ورلڈ ریکارڈ میں پیپلز پارٹی کو چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا، ان کے سیاہ کرتوتوں کے باعث کرپشن سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر بھی بدنام ہوا۔

وزیرِ مملکت کا مزید کہنا ہے کہ بلاول صاحب! یہ بتاسکتے ہیں کہ بمبینو سینما کے ٹکٹ بلیک کر کے مسٹر ٹین پرسنٹ کے نام سے کون مقبول تھا؟ ساری زندگی جن کا اوڑھنا بچھونا کرپشن ہو انہیں معیشت پر درس دینے کا کوئی حق نہیں۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ الحمد للّٰہ کورونا وائرس کے باوجود معیشت 4 فیصد پر ترقی کر رہی ہے، ترسیلاتِ زر ریکارڈ 24 ارب ڈالر، یورو بانڈز 2 اعشاریہ 5 ارب ڈالر اور ایل ایس ایم میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین