پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر احمد ربیعی نے کہا ہے کہ پاکستان کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
فلسطینی سفیر نے ایک خط میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت پر اہل پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔
احمد ربیعی کا کہنا تھاکہ فلسطینی عوام کی حمایت پر پاکستانی عوام، صدر و وزیراعظم اور فوج کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واشگاف اور شاندار الفاظ میں فلسطینی جدوجہد آزادی کی حمایت پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔
فلسطینی سفیر نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی ظلم و ستم کیخلاف او آئی سی اورجنرل اسمبلی کے اجلاسوں کے لیے آپ کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ اتفاق رائے پیدا کرنے اور رائے عامہ ہموار کرنے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا،یہ تاریخی کردار نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پوری دنیا یاد رکھے گی۔
احمد ربیعی نے کہا کہ 21 مئی کو پاکستان میں منائے گئے یوم یکجہتی فلسطین کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف پاکستانی پارلیمنٹ نے متفقہ قرار داد منظور کی ۔
فلسطینی سفیر نے مزید کہا کہ حکومت،پارلیمنٹ،این جی اوز اور مختلف جماعتوں کی جانب سےیکجہتی کےاظہار پرشکریہ ادا کرتا ہوں۔
احمد ربیعی نے اپنے خط میں کہا کہ غزہ میں جنگ بندی ہوگئی ہے لیکن آزادی کے حصول کی جدوجہد ابھی تک جاری ہے۔