فلسطین کے شہدا کا خراج اور جنگ بندی کے بعد فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاک فیڈریشن اسپین نے فلسطینی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر معروف شاہراہ ’پلاسا کاتالونیا‘ میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔
ریلی میں سیکڑوں مسلمان شریک ہوئے اور فلسطین زندہ باد، نعرہ تکبیر اللّٰہ اکبر اور اسرائیل فلسطینوں کو آزاد کرے، جیسے نعرے فضا میں بلند کرتے رہے، فلسطین اور پاکستان کے قونصل جنرل اس احتجاجی ریلی کا حصہ تھے۔
پاکستانی قونصل جنرل متعین بارسلونا عمران علی چوہدری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کا مقدمہ زبردست انداز میں لڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ڈٹ کر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے، احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دوسرے مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور دُنیا کی سپر پاورز کو چاہیے کہ وہ نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور دنیا کو تیسری بڑی جنگ سے بچانے کے لئے عملی طور پر میدان میں آئے اور اسرائیل کو سمجھائے کہ وہ مسلمانوں پر مظالم نہ ڈھائے اور بلا جواز بمباری اور فائرنگ سے باز رہے۔
پلاسا کاتالونیا میں مسلمانوں کا جم غفیر اس بات کی غمازی کر رہا تھا کہ پوری اُمت مسلمہ فلسطینیوں کے دُکھ میں برابر کی شریک ہے، احتجاجی ریلی میں مراکش، الجزائر، پاکستان، بنگلہ دیش، فلسطین اور براعظم افریقہ کے اسلامی ممالک کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ ہسپانوی کمیونٹی نے بھی شریک ہو کر فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
پاکستان کی طرف سے کشمیری برادری، مسلم لیگ ن اسپین، پاکستان پیپلز پارٹی اسپین، تحریک انصاف، دعوت اسلامی، پیس فار پیس ایسوسی ایشن، آل پاکستانیز فیملی ایسوسی ایشن، پاکستان مسلم لیگ ق، القائم اسلامک سینٹر، اثنا عشریہ ایسوسی ایشن، ای یو پاک فرینڈشپ ایسوسی ایشن، پاکستانی ٹیکسی سیکٹر اسپین، فلاح و بہبود کے تنظیموں اور دوسرے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔