بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی پی او آفس میں بہاول پور کے پارلیمینٹیرین سے لاء اینڈ آرڈر پر میٹنگ کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ہدایات اور قوانین متعلق لاء اینڈ آرڈر پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام حاصل وسائل کو بروئے کار لایا جارہاہے۔ بہاولپور ضلع کی امن وامان کے حوالے سے مجموعی طور پر صورت حال تسلی بخش ہے۔قائد اعظم سولر پارک کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی جہاں پر چینی انجینئرز کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے تمام درکار وسائل استعمال کئے گئے۔ سی پیک منصوبے کے تحت بہاول پور ضلع میں آنے والے حصے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اس منصوبے پر کام کے لئے آنے والے انجینئرز اور دیگرز کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جارہی ہے۔ تعلیمی اداروں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، کالجز، سکولزاور نجی بڑے بڑے تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دے کر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔میٹنگ میں میاں محمد کاظم پیرزادہ ممبر صوبائی اسمبلی، میاں محمد شعیب اویسی ممبر صوبائی اسمبلی، ملک خالدمحمود وارن ممبر صوبائی اسمبلی، فوزیہ ایوب قریشی ممبر صوبائی اسمبلی، محمد شاہد پی اے ٹو بلیغ الرحمن وفاقی وزیر مملکت تعلیم اور محمد نیر پی اے ٹو ملک محمد اقبال چنڑ صوبائی وزیرکوآپریٹوپنجاب کی شرکت کے ساتھ ریڈر ٹو ڈی پی او محمد اسلم، انچارج سکیورٹی محمد نوید عابد، اسسٹنٹ سکیورٹی برانچ محمد نعیم اختراورپی آر او ٹو ڈی پی او جام محمد ساجد شامل تھے۔