اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پاکستان سٹیزن پورٹل پر دو بیوہ بہنوں کی دہائی کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا ہے۔وزیراعظم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔ وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب کو 31 مئی تک انکوائری رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ راولپنڈی ڈویژن کے تمام ریونیو افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کی جائے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایم ڈلیوری یونٹ کا کارکردگی جانچ پڑتال کا مراسلہ جاری کر دیاگیا ہے۔ وزیر اعظم آفس نے حکم دیا ہے کہ اعلی افسران اپنے ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ راولپنڈی کے سرکاری افسران کی کارکردگی رپورٹ جلد وزیراعظم آفس بھیجی جا ئے ۔ وزیر اعظم آفس نے ہدایت دی ہے کہ سرکاری افسران کے عوامی شکایات سے متعلق ڈیش بورڈز کی جانچ پڑتال کی جائے۔ وزیراعظم آفس نے ہدایت دی ہے کہ افسران عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ غلط بیانی پر متعلقہ افسران کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بیوہ بہنوں نے وزیراعظم کو پورٹل پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی شکایت کی تھی ۔ وزیر اعظم سے شکایت میں کہا گیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بنا موقف جانے ہماری شکایت کو خارج کیا۔ وزیراعظم سے شکایت کی گئی کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے سائلین پر شکایت واپس لینے کیلئے دباو ڈالا گیا۔