راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ہماری کوششوں کا محور عوام کاتحفظ اوران کی فلاح وبہبود ہونا چاہئے، شعبہ تفتیش محکمہ پولیس میں زیادہ اہمیت کا حامل ہے، جس پر توجہ دے کر جرائم کے انسدادکے ساتھ سزایابی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، راولپنڈی کے تمام تھانوں اور بعد ازاں پنجاب کے تمام اضلاع کے تھانوں کو سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن (SIPS) میں تبدیل کیا جائے گا، راولپنڈی ضلع کے انوسٹی گیشن ونگ کی کارکردگی پنجاب بھر میں پہلے نمبر پر ہونا قابل تحسین ہے، سال2021کو تھانہ کے سال کے طور پر منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی نے راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں تفتیشی افسران میں تقسیم انعامات کی تقریب کے دوران خطاب اورافسروں سے گفتگوکرتے ہوئےکیا۔ پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز آمد پر آرپی اورعمران احمر ، سی پی او محمدا حسن یونس و دیگر سینئر پولیس افسران نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔ آئی جی پی نے یاد گار شہداء پر حاضری بھی دی ۔ بہترین تفتیشی افسران کو انعامات دینے کے لیے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر عمران احمر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تفتیشی افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ آپ کے ویژن اور احکامات کے مطابق پولیس کی کارکردگی اور تشخص کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انعام غنی نے راولپنڈی ریجن میں بہترین کارکردگی کے حامل 55تفتیشی افسران میں نقد انعامات و تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ آئی جی پی نے کہا کہ راولپنڈی میں تھانہ کی سطح پر تفتیش کے لیے بلحاظ جرائم تین الگ یونٹس کا قیام احسن اقدام ہے جس کے دائرہ کار کو پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا۔ انہوں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم ، ویلفیئر مرکز، تحفظ ٹرانسجینڈر سینٹر کا بھی دورہ کیا، کمانڈ اینڈ کنٹرو ل روم میں جدید پی ٹی زی کیمروں کا افتتاح کیا، سی پی ا و راولپنڈی نے پی ٹی زی کیمروں ،ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ کے متعلق بریفنگ دی۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس انعام غنی نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ بھی کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر رائے مظہر اقبال نے آئی جی پنجاب کوریڈیو سٹیشن88.6 ،غلام اصغر شہید ڈرائیونگ سکول، ون ونڈو لائسنسنگ سسٹم اور پولیس ویلفیئر مرکز سمیت دیگر برانچز کا معائنہ کروایااور بریفنگ دی۔