لاڑکانہ( بیورو چیف) لاڑکانہ کے قریب گو ٹھ ذکریہ مہیسر میں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلے میں دو پولیس اہلکار شہید اور تین ڈاکو ہلاک ہو گئے،ڈکیتی کی واردات کےبعد پولیس ڈاکوئوں کا تعاقب کررہی تھی، مقابلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال لاڑکانہ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ایس ایس پی عمران قریشی کے مطابق منگل کی دوپہر ڈکیتی کی واردات کے بعد تعاقب میں آنے والی پولیس پارٹی پر ڈاکوئوں نے سامنے سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار خالد کنگو اور برکت چاچڑ شہید ہو گئے جبکہ کانسٹبل عبدالواجد چانڈیو زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر چانڈکا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،پولیس اہلکاروں کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی ڈاکوئوں کا تعاقب اور علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا جس کے بعد ایک بار پھرمقابلے کا آغاز ہوا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2ڈاکو موقع پر جبکہ ان کا ایک ساتھی اسپتال پہنچ کر ہلاک ہوا۔ ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے اور ان کا کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔