• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے شہریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا‘ ن لیگ

کوئٹہ (پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ جنرل سیکرٹری نسیم الرحمن جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال جنرل سیکرٹری پشین میر وائس کاکڑ ایڈووکیٹ طار ق بٹ ایڈووکیٹ ،ارباب اقبال ،ذاکر بنگلزئی، ضمیر اختر، آصف حریفال اور شہباز خان نے کوئٹہ شہر کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ شہر کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جا بجا گندگی کے ڈھیر، ٹوٹی سڑکیں، بند اسٹریٹ لائٹس اور نالیوں کا بہتا پانی کسی ذمہ دار کو نظر نہیں آرہا تو دوسری جانب شہری پینے کے پانی سے بھی محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں و نالیوں کی تعمیر کے نام پر پورے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیاجس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کی اہم سڑکیں ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہیں تو دوسری جانب نالیوں کا گندا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑنے کے ساتھ نمازیوں و شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر کی اکثر اہم شاہراہوں اور گلیوں میں اسٹریٹ لائٹس خراب یا بند پڑی ہیں جس سے راہزنی کی وارداتوں کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کو لٹل پیرس بنانے والوں نے یہاں کے شہریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ شہری کئی روز سے اس گرمی کے موسم میں پینے کے پانی سے محروم ہیں جس کی حکام بالا کو فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن فوری طور پر شہر کے مسائل کی جانب توجہ دیتے ہوئے صفائی کی صورتحال کی بہتری کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں اور بند اسٹریٹ لائٹس درست کروائی جائیں۔
تازہ ترین