مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نالائق، نااہل اور چور حکومت کا مسئلہ شہباز شریف کا عشائیہ، مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کا مسئلہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوا چوری، معیشت کی تباہی، بےروزگاری اور منہگائی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کا مسئلہ چور، نالائق، نااہل، کارٹلز، مافیاز، کمیشن خوروں سے چھٹکارا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے صبح صبح اٹھ کر نواز شریف، شہباز شریف اور پی ڈی ایم کو یاد نہ کیا کریں، غیر معیاری نااہل اور چور حکومت صرف عمران خان کے معیار پر پورا اُترسکتی ہے۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ تاریخی بےروزگاری، منہگائی اور تاریخی قرض عمران خان کے معیار پر پورا اُترسکتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ منفی 0.4 فیصد شرح ترقی اور 17 فیصد منہگائی صرف عمران صاحب کے معیار پر اُتر سکتی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف کو تو عوام ہر روز صبح دوپہر شام رات یاد کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف سابق صدر آصف علی زرداری سے کیسزکے التواء کا طریقہ سیکھ رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ زرداری کی طرح مریم نواز بھی التواء کے راستے پر چل نکلی ہیں، نواز شریف اور آصف علی زرداری نے ایک ہی پالیسی رکھی ہے کہ مقدمات کو طول دیں۔