• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز زرداری سے کیسز کے التواء کا طریقہ سیکھ رہے ہیں: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف سابق صدر آصف علی زرداری سے کیسزکے التواء کا طریقہ سیکھ رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر اور وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ زرداری کی طرح مریم نواز بھی التواء کے راستے پر چل نکلی ہیں، نواز شریف اور آصف علی زرداری نے ایک ہی پالیسی رکھی ہے کہ مقدمات کو طول دیں۔

انہوں نے کہا کہ کیسز کو اتنا طول دیں کہ لوگوں کا انصاف پر سے اعتماد ہی اٹھ جائے، اگر کیسز منطقی انجام کو نہ پہنچیں تو لوگوں کا نظامِ انصاف پر اعتماد مجروح ہوتا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا کیس 2 ہفتوں میں متعلقہ فورم پر کھل جائے گا، شہباز شریف کا کیس روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف جیل میں تھے تو 72 مرتبہ ٹیسٹ کراتے تھے، جس دن سے باہر آئے ہیں، کمر درد یا کسی بیماری کی شکایت نہیں کی۔

وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے یہ بھی کہا ہے کہ آصف زرداری کے ساتھ ڈیل کا تاثر اس لیے ہے کہ ان کے کیسز کا فیصلہ نہیں ہو رہا۔

تازہ ترین