بارسلونا(جواد چیمہ )ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین اور پشتون آرگنائزیشن یورپ کے زیر اہتمام شاہ محمود قریشی کے دلیرانہ موقف کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کانفرنس منعقد کی گئی جس میں فیڈریشن کے ممبران کے علاوہ کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کے ابتدائی کلمات کامران خان نے بیان کئے اور کہا کہ ہم وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آواز کے ساتھ آوازملا کر دنیا کو باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ جنرل اسمبلی صرف اسی صورت اقوام متحدہ کی کریڈیبلٹی بحال اور عالمی امن کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے شاہ محمود قریشی کے دلیرانہ موقف پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ شاہ محمود قریشی کا جنرل اسمبلی میں خطاب عالم اسلام کی آواز ہے، اس کانفرنس میں اس بات کو دوبارہ دہرایا کہ اب فلسطین میں انٹرنیشنل آبزرورز کو بھیجا جائے تاکہ وہ دنیا کو بتائیں کہ اسرائیل کے انسانیت کے خلاف جرائم میں کس طرح ملوث ہے۔ یاد رہے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام کی آواز خاموش نہیں کرائی جاسکتی۔ مساوات و انصاف کی بنیاد پر ورلڈ آرڈر ترتیب دیا جائے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا دبنگ خطاب جس نے سوئی ہوئی امت مسلمہ کو جگا دیا ہے۔ پاکستان کے جرات مندانہ موقف نے سرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کردیا ۔اور اسرائیل اور اس کے حواریوں کو بھی دنیا کے سامنے ننگا کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا اگر امن چاہتی ہے تو یہ امن کشمیر اور فلسطین سے گزر کر ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد اگر پاکستان کہیں کھڑا نظر آیا ہے تو شاہ محمود قریشی کے جنرل اسمبلی کے خطاب کے بعد نظر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل تو دنیا کی ہاں میں ہی ہاں ملائی جاتی رہی ہے اور ہم اس ہاں کے نتیجہ میں ظلم وبربریت کے شکار کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لئے کچھ نہیں کر سکے۔