• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز مکمل کرانے کیلئے کراچی اور لاہور سے فلائٹس مقررہ وقت پر آج شام 5بجے روانہ ہوں گی، جن افراد کے ویزوں کا انتظار ہے وہ بعد میں جائیں گے۔

پی سی بی نے آج فرنچائز مالکان کی آن لائن ایمرجنسی میٹنگ طلب کی جس میں فرنچائز مالکان کو اب تک کی تمام پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کو بھارت، جنوبی افریقہ کی چارٹرڈ فلائٹس کی لینڈنگ کے معاملے پر بھی آگاہ کیا اور کہا کہ تمام مشکلات پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن آپشن بروئے کار لایا جائے گا۔ 

ذرائع پی سی بی نے بتایا کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے کریو کو ابوظہبی داخلے کی اجازت نہیں مل سکی ہے لہذا ایسے ملک کے براڈ کاسٹرز کو ابوظہبی لایا جائے گا جو ریڈ لسٹ میں نہیں ہیں۔

اس سے قبل آن لائن اجلاس کے دوران پی سی بی نے دو گھنٹے بعد فرنچائز کو صورتحال سے آگاہ کرنے کا کہا تھا، فرنچائز مالکان اور پی سی بی کا ایک اور ہنگامی اجلاس شام کو ہوگا۔

دوسری جانب ذرائع کاکہنا ہے کہ  پی ایس ایل سیزن 6 کے بقیہ میچز مکمل ہونے پر بے یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، کرکٹ بورڈ نے ابوظہبی کے متبادل وینیو کے لئے فرنچائز مالکان سے وقت مانگ لیا ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ پی سی بی کے فرنچائز کے ساتھ اجلاس میں فرنچائز نے پی ایس ایل ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔


ذرائع کا بتانا ہے کہ زیادہ مسئلہ جنوبی افریقہ اور بھارت سے آنے والی چارٹرڈ فلائٹس کا ہے،جبکہ گزشتہ ہفتے اجازت میں چارٹرڈ فلائٹس بھی شامل تھیں۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے چند گھنٹے پی ایس ایل کےمستقبل کے حوالے سے اہم ہیں، شارجہ میں لیگ کے انعقاد کے آپشن کو بھی زیر غور لایا جانے لگا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل ٹیموں کی چارٹرڈ پروازوں کو ابوظہبی لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اماراتی سول ایوی ایشن کی جانب سے اجازت نامے کا انتظار ہے، رات دو بجے پی سی بی نے فلائٹس تاخیر سے روانہ ہونے کا کہا تھا۔

تازہ ترین