لاہور(نمائندہ جنگ ) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی حالت تباہ کن ہے، عوام دشمن بجٹ کو منظور نہیں ہونے دیں گے۔ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عوامی مفادات کے منافی بجٹ سازی کی مزاحمت کریں گے ۔شہباز شریف نے پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری پارٹی کو ہدایت کی کہ پری بجٹ سیمینارکیا جائے تاکہ عوام کو معیشت کی حقیقت کاپتا چل سکے، معاشی ماہرین پری بجٹ سیمینار میں معیشت کی حقیقت قوم کو بتائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی معاشی ہیرا پھیریوں کی قیمت عوام مہنگائی سے ہر روز ادا کررہے ہیں۔ دریں اثناء یوم تکبیر کی سالگرہ پر قوم کو مبارک دیتے ہوئےقائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ پارٹی ملک بھر میں عوام کے ساتھ مل کر 28 مئی کو یوم تکبیر کا دن قومی جذبے سے منائے گی۔