راولپنڈی (نمائندہ جنگ،این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کا سہرا راجہ ظفر الحق، گوہر ایوب اور مجھے جاتا ہے، ہمارے مرنے کے بعد 3 یونیورسٹیاں،60 کالج اور نالہ لئی کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،چوہدری نثار نے حلف اٹھا لیا ہے وہ جانیں ان کے کام جانیں ،پی ڈی ایم جو بھی کرے وزیر اعظم 5 سال مکمل کریں گے۔گزشتہ روز وزیر داخلہ شیخ رشید نالہ لئی کا دورہ کرنے کیلئے گوالمنڈی پہنچے ،اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ نالہ لئی کے حوالے سے 3 کروڑ دینے کا اعلان کیا گیا ہے ،راولپنڈی میں وزیر اعلی پنجاب نے تین یونیورسٹیوں کا بھی اعلان کیا ہے ،تمام ٹیمیں کمشنر راولپنڈی کی سربراہی میں مکمل طور پر متحرک ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 28 مئی کے حوالے سے یہ ہمارا تاریخی دن ہے ،اس دن اسلامی ممالک میں ہمارا پہلا ملک ہے جس نے ایٹمی دھماکے کئے ،ایٹمی دھماکوں کا سہرا راجہ ظفر الحق،گوہر ایوب اور مجھے جاتا ہے۔