• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم کی پیداوار میں 2 ملین ٹن کا اضافہ ہوا جو ریکارڈ ہے: فخر امام

وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نے کہا ہے کہ اس سال 27.3 ملین ٹن گندم کی پیداوار ہوئی جبکہ گزشتہ سال 25.3 ملین ٹن تھی جس کے بعد گندم کی پیداوار میں 2 ملین ٹن کا اضافہ ہوا جو ریکارڈ ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر امام نے کہا کہ زراعت کا 19 فیصد براہ راست اور تقریباً اتنا ہی ان ڈائریکٹ جی ڈی پی سے واسبتہ ہے، روزگار کا بھی بڑا تعلق زراعت سے ہے جبکہ ٹیکسٹائل کا بھی 60 فیصد لنک زراعت سے ہے۔

فخر امام نے کہ کہ پاکستان کو 11 لاکھ ٹن گندم بیج کی ضرورت ہوتی ہے، ہم نے کوشش کی کہ سرٹیفائیڈ سیڈ کی ٹریک اینڈ ٹریس بھی ہو، موسمیاتی حالات بھی بہتر ہوئے، ہماری گندم کی پیداوار میں بہتری ہوئی اور  اس مرتبہ بھی کچھ گندم امپورٹ کریں گے تاکہ کچھ ذخائر رکھے جاسکیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مکئی کی 8.4 ملین ٹن ریکارڈ پیدا وار ہوئی جبکہ گنے کی پیدوار دوسرے نمبر پر رہی اور بد قسمتی سے زیادہ بارشوں کی وجہ سے کپاس کی فصل خراب ہوئی۔

وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق نے کہا کہ وفاقی نے 6 ارب روپے کے فنڈز صوبوں کو ٹرانسفر کئے، ہمارے ریسرچ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ریکارڈ پروڈکشن ہوئی۔

فخر امام نے یہ بھی کہا کہ 8.4 ملین ٹن چاول کی پیداوار ہوئی، کپاس میں پروڈکشن کم ہوئی اور کپاس کے لیے اس مرتبہ بہت اقدامات کیے ہیں، ہم نے 6 ارب صوبائی حکومتوں کو کپاس کے بیج، فرٹیلائزر و دیگر اقدامات کے لیے دیے۔

اُنہوں نے کہا کہ 2020 میں ایک لاکھ 41 ہزار 5 سو میڑک ٹن آم برآمد ہوا جبکہ رواں سال آم کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ 62 ٹن کینو برآمد ہوا، آلو کی برآمدات 28 فیصد بڑھی، آلو اور پیاز کی ریکارڈ پیدوار ہوئی جبکہ دودھ اور گندم کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں کسان 82 لاکھ ہیں جن میں 85 فیصد چھوٹے کسان ہیں اور حکومت کی توجہ چھوٹے کاشتکاروں پر ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ برطانیہ کو 7 سال بعد کینو برآمد کیا، چاول کی برآمدات میں11 فیصد اضافہ ہوا، چاول کی برآمدات ڈھائی ارب ڈالر تک ہوتی ہے۔

فخر امام نے کہا کہ سویابین کی پیداوار میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، یقینی بنائیں گے کہ کاشت کی جانے والی سویابین کو خریدیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دالیں پاکستان درآمد کرتا ہے، پاکستان میں مونگ دال کی ریکارڈ پیدوار ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ترش پھلوں کی برآمد میں بھی کامیابی حاصل کی ہے  جبکہ ہم لائیو اسٹاک بڑھانے کی بھی کوشش کررہےہیں۔

فخر امام کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال گندم، چاول، مکئی ، آلو اور پیاز کی ریکارڈ پیدا وار ہوئی۔

تازہ ترین