• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی عراقی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بغداد میں عراقی وزیرِاعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ملاقات کی اور انھیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عراقی وزیراعظم مصفطیٰ الکاظمی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے دو طرفہ، برادرانہ تعلقات ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عراقی وزیراعظم کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عراقی وزیراعظم نے صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق عراقی وزیراعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ 

وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت کے لیے جامع فریم ورک بنانے کی بھی تجویز دی۔ 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عراق کی جانب سے توانائی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تجویز پر عراقی وزیراعظم نے آمادگی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیرِخارجہ نے عراقی وزیراعظم کو افغانستان میں امن کے لیے مصالحانہ کوششوں سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، خطے میں دیرپا امن کے لیے افغان امن عمل کی کامیابی ناگزیر سمجھتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات سے علاقائی امن کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔ 

وزیر خارجہ نے عراقی وزیرِاعظم کو مسئلہ فلسطین پر پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

تازہ ترین