وزارت داخلہ نے قوم کو خوشخبری سنادی، کویت نے 10 سال بعد پاکستانیوں کے لیے ویزا بحال کردیا۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق کویت نے پاکستانیوں کے لیے فیملی، بزنس اور ٹیکنیکل ویزا بحال کردیا ہے۔
ویزا بحالی کا فیصلہ کویتی وزیراعظم اور شیخ رشید کی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔
اس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات کی۔
شیخ رشید اور کویتی وزیراعظم کی اس ملاقات میں کویت کے وزیر داخلہ اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
دوران ملاقات پاک کویت دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، شیخ رشید نے کویتی وزیراعظم کے روبرو ویزا بحالی کی بات رکھی۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ کویتی وزیراعظم کو پیش کیا۔
شیخ رشید نے دوران گفتگو کہا کہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
کویتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے عوام میں محبت اور اعتماد کا رشتہ ہے۔
شیخ رشید اور شیخ صباح خالد الحامد الصباح کی ملاقات میں 2011ء سے بند پاکستانی شہریوں کے لیے کویتی ویزا کی بحالی پر پیشرفت سامنے آئی۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی ورکز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانیوں کے لیے کویتی ویزا بحالی کے بعد خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر کویت جاسکیں گے۔