فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی حمایت پر پاکستانی قوم کا شکرگزار ہوں۔
پشاور میں جماعتِ اسلامی کے القدس ملین مارچ سے ٹیلیفونک خطاب میں اسماعیل ہانیہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سراج الحق اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین سے متعلق موقف بہترین ہے، ہم حمایت کرنے پر پاکستانی حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اسماعیل ہانیہ نے مزید کہا کہ فلسطین اور القدس کی حمایت و حفاظت ہم سب پر فرض ہے، ہم بیت المقدس کے لیے مرمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
حماس کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ پوری امت پر قبلہ اوّل کی حفاظت فرض ہے، صلاح الدین ایوبی نے بیت المقدس کو آزاد کروایا تھا اسی جذبے کی ضرورت ہے۔