کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام میرے مطابق میں میزبان مریم ظفر نے مریم نواز کا حالیہ بیان سینئر تجزیہ کار حسن نثار کے سامنے رکھا جس پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ زندگی مفاہمت کا نام ہے سیاست سوائے مفاہمت کے کچھ نہیں ہے، اس کے بغیر چند افراد پر مشتمل گھرانے نہیں چل سکتے، پاکستان کی آبادی تو بائیس کروڑ ہے۔
دنیا کی بڑی سے بڑی جنگ کا انجام بھی مفاہمت ہی ٹھہرا ہے، نواز شریف کا بیانیہ مناسب نہیں ہے شہباز شریف اسٹیٹس مین کی طرح ہیں اورشہباز شریف کا بیانیہ میچور ہے مفاہمت ہی حل ہے۔
میرے نزدیک کشمیر سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں پر اپنے لوگ خوار ہو رہے ہیں جو زندہ رہنے کے نام پر رینگ رہے ہیں ان کے مسائل، کیا کوئی مسائل نہیں ہیں، پچھلے دنوں شوکت ترین نے کہا ہے کہ میثاق معیشت کو بڑھاوا دوں گا پہلی بہتر بات ہے جو حکومت کی طرف سے سننے کو ملی ہے۔
بلاول بھٹو نے جو بیان دیا ہے شہباز شریف کے موقف سے متعلق، وہ بیان تکنیکی طور پر ٹھیک ہے، مریم کی ابھی تک کوئی حیثیت نہیں ہے، پارٹی ہیڈ، اپوزیشن لیڈر بھی شہباز شریف ہیں۔ محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ انسان 150 سال تک زندہ رسکتا ہے کے حوالے سے حسن نثار نے کہا کہ اس پر میں نے کالم بھی لکھا ہے۔
پہلی موٹر کا مقابلہ اگر آج کی جدید گاڑیوں سے کیا جائے یا کوئلے کی ٹرین سے بلٹ ٹرین کا موازنہ کریں تو اندازا ہوجائے گا کہ بنی نوع انسان گرو کر رہا ہے اور یہ ثابت کر رہا ہے کہ وہ اشرف المخلوقات ہے۔ مغربی صنعتی ترقی کی بات پرانی ہوگئی اب چین سے سیکھنا ہوگا عمران خان کے اس بیان پر سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا کہ انہوں نے جزوی طور پربات ٹھیک کی ہے یہ کلیکس نالج ہے کیونکہ امریکا اب بھی سپریئر ترین نالج میں چین سے بے تحاشا آگے ہے۔