مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام بھوکے اور بے روزگار ہیں، حکمران سب اچھا ہے کی بے حسی کی رپورٹ دے رہے ہیں، حکمرانوں کے روز کرپشن اسکینڈلز آئیں گے تو عوام کےلیے روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی۔
شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ آج ملک کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کا سامنا ہے، عوام کو ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے روز کرپشن اسکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی، آٹے کی قیمت میں 57 روپے فی کلو اضافہ ہوا ، یہ 73 فیصد اضافہ ہے، چینی کی قیمت 120 اور 130 تک گئی ہے جس سے 100روپے یا 85 فیصد اضافہ چینی کی قیمتوں میں ہوا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دودھ کی قیمت میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے،دودھ فی لیٹر 108 روپے یا اس سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے،عوام کی بنیادی ضرورت کی یہ اشیاء انتہائی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اضافی گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹے کی فراہمی کو حکومت یقینی نہ بناسکی، اس حکومت کی کرپشن اور نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ثبوت ہوسکتا ہے؟