جب ہمارا دِل، خون کو ایک دباؤ کے تحت رگوں میں دھکیلتا ہے، تو اس عمل کوطبّی اصطلاح میں اُوپر کا بلڈ پریشر"Systolic Blood Pressure" کہا جاتا ہے اور جب یہ خون لچک دار رگوں میں دھکیلا جاتا ہے، تو اُسے نیچے کا بلڈ پریشر"Diastolic Blood Pressure"کہتے ہیں۔دِل ایک پمپ کی مانند مسلسل کام کرتے رہنے سے،جو پریشر بنتا ہے، وہ عام طور پر 80تا 120 کے درمیان ہوتا ہے۔ تاہم،اگر کسی وجہ سے خون کا دباؤ بڑھ جائے، تو اسے’’ ہائی بلڈ پریشر ‘‘کہا جاتا ہے۔
دِل کے امراض میں ہائی بلڈپریشر کی شکایت سب سے خطرناک تصوّر کی جاتی ہے کہ اس کے لاحق ہونے کے نتیجے میں ہارٹ اٹیک، فالج، گُردوں کا فیل ہوجانا، یادداشت کی کمی اور دماغی خلل واقع ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔
بُلند فشارِ خون لاحق ہونے کی کئی وجوہ ہیں۔جیسے ذہنی تنائو،کھانے میں نمک کی زائد مقدار کا استعمال، جسمانی سرگرمیوں کا نہ ہونا یا بہت کم ہونا، بڑی عُمر، موٹاپا، تمباکو اور شراب نوشی،فاسٹ فوڈز اور مرغّن کھانوں کا بےتحاشا استعمال، موروثی امراض یعنی خاندان میں اس مرض کا ہونا وغیرہ۔بعض اوقات دیگر امراض مثلاً کولیسٹرول، تھائی رائیڈ گلینڈز کے افعال بگڑ جانا، ہارمونز کا عدم توازن، ذیابطیس اور گُردوں کے عوارض وغیرہ بھی سبب بن جاتے ہیں۔
بُلند فشارِخون کی علامات میں شدید سر درد،چکر آنا، بلا وجہ تھکان، بینائی کے مسائل، سینے میں درد، سانس لینے میں دقّت، دِل اور نبض کی رفتار میں بےقاعدگی، پیشاب میں خون کا اخراج، سینے ،گردن اور کانوں پر دباؤ محسوس ہونا، خراٹے اورجوڑوں میں دردوغیرہ شامل ہیں۔ یہ بُلند فشارِ خون کئی پیچیدگیوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ مثلاً خون کی نالیوں میں تنگی یا رکاوٹ،فالج کا حملہ، دِل کا دورہ یعنی ہارٹ اٹیک، گُردوں کی دائمی بیماریاں۔ بسا اوقات گُردے ناکارہ ہوجاتے ہیں،توبینائی بھی متاثرہوسکتی ہے ۔
یہاں اس بات کا ذکر بہت ضروری ہے کہ اگر خون کا دباؤ بڑھ جائے یعنی 110/180تک ہو جائے۔سر، سینے اور کمر میں درد محسوس ہو۔سانس پھولنے لگے اور غنودگی بھی طاری ہوجائے، تو یہ ایک سنگین علامت تصوّر کی جاتی ہے۔ ایسی صُورت میں مریض کو فوری طور پر اسپتال لے جائیں۔ اگر اسپتال دُور ہو توکسی قریبی مستند ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ اگر مریض کا فشارِخون مستقل بڑھا ہوا رہتا ہو،لیکن درد کی شکایت ہو، نہ سانس لینے میں کوئی مسئلہ تو یہ کیفیت’’خاموش قاتل‘‘کہلاتی ہے، کیوں کہ اس سے فالج ہو سکتا ہے یا گُردوں کا نظام فعال نہ رہنے سے موت واقع ہو سکتی ہے۔
بُلند فشارِ خون کے علاج کے لیے معالج علامات کے پیش نظر ادویہ تجویز کرتا ہے، جو زندگی بھر باقاعدگی سے استعمال کی جاتی ہیں کہ اگر ناغہ کیا جائے یا دوا وقت پر استعمال نہ کی جائے، تو پیچیدگیوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔علاوہ ازیں،لازماً ماہرِ امراضِ دِل سے اپنا چیک اپ کرواتے رہنا چاہیے، تاکہ وقتا فوقتا ادویہ اور ان کی مقدار میں تبدیلی لائی جائے اور اس مرض سے وابستہ پیچیدگیوں پر بھی نظر رکھی جائے۔ جب کہ بلڈپریشر کے مریضوں کے لیے طرز زندگی میں تبدیلی ناگزیرہےکہ اس سے دِل کے دیگر امراض لاحق ہونے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں اور اعضائے رئیسہ کو بھی متاثر ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔
بُلند فشارِ خون سے محفوظ رہنے کے لیے نمک، کافی اور مرغن غذائیں کم سے کم استعمال کریں۔تازہ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہو اور جن اشیاء میں پوٹاشیم زائد مقدار میں پائی جائے، اُن کا استعمال بھی کم ہی کریں(خصوصاً گُردوں کے امراض میں مبتلامریض کیلے نہ کھائیں)،چپس، نمکو، پنیر، فروزن فوڈز وغیرہ سے اجتناب برتیں۔ورزش معمول کا حصّہ بنالیں،بہتر ہوگا کہ صُبح سویرے پچیس سے پینتیس منٹ تک تیز قدمی کی جائے۔
تیراکی یا سائیکلنگ بھی کی جاسکتی ہے۔ اگر کسی دائمی مرض کا شکار ہوں، تو اپنے معالج کے مشورے سے ورزش کریں۔تمباکو اور شراب نوشی سے اجتناب برتیں کہ یہ نہ صرف مضرِ صحت ہیں، بلکہ دِل کے جملہ امراض کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔خود کو ہر حال میں پُر سکون رکھیے، ذہنی پریشانیاں خود پر طاری نہ کریں، غذا میں لہسن، ادرک، مچھلی، السی کا تیل اور دودھ کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے۔اوسطاً سات سے آٹھ گھنٹے سوئیں۔ان ہدایات پر عمل کرکےبُلند فشارِ خون پر کسی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے اور ممکن حد تک ہارٹ اٹیک اور فالج جیسی خطرناک پیچیدگیوں سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
(مضمون نگار، ڈائو یونی ورسٹی اور بقائی میڈیکل یونی ورسٹی، کراچی سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر وابستہ رہ چُکے ہیں)