• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور تاجک صدر کثیر جہتی تعاون بڑھانے کا عزم

تاجکستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی، علاقائی امن و ترقی کے لیے کثیر جہتی تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر تاجکستان کے صدر نے پاکستان کا دورہ کیا، ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو تذویراتی تعاون کی سطح پر لے جانے کا عزم کیا۔

اعلامیے کے مطابق امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تذویراتی شراکت داری کے اقدامات کرنے پراتفاق کیا گیا،  اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، تجارت اور اقتصادی تعاون پر پاک تاجک مشترکہ کمیشن کا اجلاس باقاعدگی سے بلانے پر اتفاق کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق بین الحکومتی کمیشن کا اگلا اجلاس اس سال کے آخر تک بلانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے تجارتی نمائش اور بزنس فورمز باقاعدگی سے منعقد کرنے پر اتفاق کیا اور  کاسا 1000 پاور پراجیکٹ پر عملدرامد میں پیشرفت کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے کاسا 1000 پاور پراجیکٹ جلد مکمل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

تازہ ترین